باغ:پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حلقہ شرقی باغ ، سردار قمر الزمان خان نے کہا ہے کہ باغ جلسہ میں بھرپور شرکت پر دونوں حلقوں کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اور سردار ضیاءا لقمر پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔
سردار قمرالزمان خان نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ مجھے ہارٹ اٹیک آیا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے مجھے کھانسی بھی نہیں آئی میں بالکل ٹھیک ہوں،اللہ میرے دشمنوں کو بھی دل کے دورہ سے محفوظ رکھیں، میں اتنے کمزور دل کا مالک نہیں ہوں کہ بڑا جلسہ دیکھ کر مجھے دل کا دورہ پڑ جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اب دھاندلی نہیں کرنے دونگا،سردار قمر الزمان، شرقی باغ سے کاغذات نامزدگی جمع
انہوں نے کہا کہ میں نے مخالفین کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں اور کمزور دل کا مالک نہیں ہوں ، جب بیمار ہوا توسب کو بتایا تھا لیکن دل کی تکلیف مجھے آج تک نہیں ہوئی۔
سردار قمرالزمان خان کاکہنا تھا کہ گزشتہ روز میںسردار میراکبر کے گائوںمیں تھا وہاں اپنے ساتھ لوگوں کو شامل کیا،ہم نے باغ میں تاریخی جلسہ کیا، پریشان وہ ہوں جنہوں نے 200افراد کا جلسہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عوام کو دلی طور پرمشکور ہوں ، میں نے گزشتہ روز13پروگرام کئے ہیں ، جلسہ مختصر کرنا چاہتا تھا لیکن راجہ پرویزاشرف اور دیگر لوگوں کے آنے کی وجہ سےجلسہ زیادہ چلا ، میری کوشش تھی کہ خود خطاب کروں اور بلاول بھٹو خطاب کریں لیکن جلسہ ایک گھنٹہ زیادہ چلا۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پرافواہیں گرم تھیں کہ سردار قمرالزمان کو دل کا دورہ پڑا ہے۔
یاد رہے کہ سردار قمرا لزمان خان حلقہ شرقی باغ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں، گزشتہ الیکشن میں سردار قمرا لزمان اور سردار میر اکبر خان کا کانٹے دار مقابلہ ہوا تھا اور 12پولنگ سٹیشن پر جھگڑا کے باعث ان سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی گئی تھی جس میںسردار قمرالزمان چند سو ووٹوں سے ہار گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا 10سیٹیں جیب میں رکھنے کا بیان شفاف الیکشن پر سوالیہ نشان، بلاول بھٹو
سردار قمرا لزمان خان نے سردار میر اکبرکی کامیابی الیکشن کمیشن اور بعد ازاں ہائیکورٹ میں چیلنج کی تھی، ہائیکورٹ نے سردار میر اکبر خان کو نااہل قرار دے دیا تھا اور سپریم کورٹ سے جا کر بحال ہوئے، اب کی بار بھی سردارقمرا لزمان اور سردار میر اکبر کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے۔




