جرمنی نے ملک میں ہنر مند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنےکیلئے مختلف شعبوں میں غیر ملکی پیشہ ور افراد کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع فراہم کر دئیے ہیں۔
جرمن حکومت نے اس حوالے سے ویزا، رہائش، ملازمت اور درخواست کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی رہنمائی بھی جاری کی ہے تاکہ بیرونِ ملک سے آنے والے اُمیدوار آسانی سے درخواست دے سکیں۔
سرکاری معلومات کے مطابق صحت، میڈیکل ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت، ہوٹلنگ اور ریسٹورنٹ انڈسٹری سمیت کئی شعبوں میں تربیت یافتہ اور اہل افراد کی بھرتیاں جاری ہیں۔
صحت کے شعبے میں ڈینٹل اسسٹنٹ، میڈیکل اسسٹنٹ، ویٹرنری اسسٹنٹ، فزیوتھراپسٹ، آکوپیشنل تھراپسٹ، فارماسسٹ، ریڈیالوجی ٹیکنیشن، سرجیکل ٹیکنالوجسٹ، اینستھیزیا اسسٹنٹ، پیرا میڈیکس، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن اور پاؤں کے امراض کے ماہرین کی طلب میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جرمنی میں پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع، اسناد کی تصدیق لازمی قرار
اسی طرح میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ڈینٹل ٹیکنیشن، ہیئرنگ ایڈ اسپیشلسٹ، آپٹیشن اور آرتھوپیڈک ٹیکنیشنز کے لیے بھی روزگار کے متعدد مواقع دستیاب ہیں۔
دوسری جانب ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے میں ہوٹل مینیجرز، ریسٹورنٹ اسپیشلسٹس، کیٹرنگ ماہرین اور تجربہ کار باورچیوں کی ضرورت برقرار ہے، جبکہ تعلیمی شعبے میں اساتذہ، سوشل ورکرز اور ایجوکیٹرز کی بھرتیاں بھی جاری ہیں۔
جرمن حکام کے مطابق ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس تسلیم شدہ تعلیمی ڈگری یا پیشہ ورانہ تربیت موجود ہو، جسے جرمنی کے متعلقہ ادارے قبول کرتے ہوں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ درخواست جمع کرانے سے پہلے اُمیدوار اپنی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ قابلیت، زبان کی ضروریات اور ویزا کی شرائط کا مکمل جائزہ ضرور لیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فری لانسرز کے لیے بڑی خوشخبری: جرمنی نے ’اسپیشل ویزا‘ پروگرام متعارف کرا دیا
ان کے مطابق درست دستاویزات اور مقررہ تقاضے پورے کرنے سے ملازمت کے حصول اور جرمنی منتقل ہونے کا عمل نسبتاً آسان اور تیز ہو سکتا ہے۔




