مظفرآباد سے ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے میرپور ڈویژن میں جاری عام انتخابات کے حوالے سے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ علاقے سے ملنے والی ابتدائی رپورٹس نہایت حوصلہ افزا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام بڑی تعداد میں اپنے آئینی حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہیں اور الیکشن کمیشن کو اب تک کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات:
انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے حوالے سے ممبر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز پوری طرح سے مستعد ہیں اور الیکشن کو شفاف انداز میں منعقد کروانے کے لیے پاکستان کے چاروں صوبوں سے پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کو مکمل اور بھرپور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ووٹ کاسٹ کر دیا
ووٹرز کے نام اہم پیغام:
سید نظیر الحسن گیلانی نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا موقع 5 سال میں صرف ایک مرتبہ میسر آتا ہے، اس لیے اس موقع کو ہرگز نہ گنوائیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر ضرور جائیں۔ انہوں نے واضح تنبیہ کی کہ اگر کسی نے بھی کسی ووٹر کو حقِ رائے دہی کے استعمال سے روکنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




