میر پور(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں انتخابی مہم مقررہ وقت کے مطابق رات 12 بجے ختم ہوگئی ،پولنگ اسٹیشنوں کو سامان کی ترسیل آج ہوگی۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت مہم کے اختتام کے بعد اُمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے جلسے، جلوس اور کارنر میٹنگز پر پابندی عائد ہوگئی ہے جبکہ انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کیلئے انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
الیکشن حکام کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں تک انتخابی سامان کی ترسیل آج (اتوار) سے شروع ہوگی جبکہ 27 جولائی کو میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات 2026ء: ہائی کورٹ میں 9 رٹ پٹیشنز کی سماعت 29 جولائی تک ملتوی
اعداد و شمار کے مطابق ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ووٹرز کی سہولت کیلئے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع میرپور کے چار حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں میں ایک ہزار 107 اور ضلع بھمبر کے تین حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ان انتخابی حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد اُمیدواروں کو ملا کر مجموعی طور پر 296 امیدوار مدمقابل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات،الیکشن کمیشن نے میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا
سیاسی مبصرین کے مطابق بعض حلقوں میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، خصوصاً ایل اے 3 میرپور، ایل اے 6 بھمبر اور ایل اے 10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے اُمیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔




