مظفرآباد؛آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے باعث 27 جولائی بروزپیر کو میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر نے حسب تحریک آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 ء کے پہلے مرحلہ میں مورخہ 27 جولائی 2026ء ( بروز پیر ) کو میر پور ڈویژن میں انتخابات کے انعقاد کے باعث میر پور ڈویژن کی حد تک عام تعطیل کی منظوری صادر فرمائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان سے اضافی پولیس نفری طلب
یاد رہے کہ آزادکشمیر الیکشن کا انعقاد 3مراحل میں ہوگا، پہلے مرحلے میں27جولائی کو میرپور ڈویژن کے 13حلقوں میں پولنگ ہوگی جس کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اورتیسرےمرحلےکےانتخابات پونچھ ڈویژن میں 10اگست کوہوں گے۔
یہ بھی یاد رہے کہ انتخابات کوکے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کے لیے حکومتِ آزاد کشمیر کی درخواست پر وفاقی وزارتِ داخلہ نے مختلف صوبوں سے 16,800 اضافی پولیس نفری طلب کر لی ہے۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب پولیس سے 14 ہزار اہلکار فراہم کیے جائیں گے، جن میں پنجاب ہائی وے پٹرول کے 5 ہزار، رائٹ مینجمنٹ پولیس کے 3 ہزار، پنجاب کانسٹیبلری کے 900 اور ضلعی پولیس کے 5 ہزار 100 اہلکار شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن قومی ترقی کی ضمانت،سب سے بڑا پیکیج حویلی کیلئے منظور کیا،فیصل ممتاز راٹھور
اسی طرح سندھ پولیس سے 2 ہزار، خیبر پختونخوا پولیس سے 500، بلوچستان پولیس سے 200 اور گلگت بلتستان پولیس سے 100 اہلکار بھی طلب کیے گئے ہیں۔
اضافی نفری حساس پولنگ اسٹیشنز، اہم تنصیبات اور انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات کی جائے گی۔ ذرائع کے مطاق تعیناتی کا عمل وفاقی وزارتِ داخلہ کی ہدایات کے تحت مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔




