مظفرآباد : کشمیر ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے میڈیا کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی اور بچھڑے کشمیریوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ بن گیا۔
کشمیر ڈیجیٹل چینل نےکشمیری زبان میں پوڈکاسٹ کا آغاز کرکے مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں لاکھوں کشمیریوں کو یکجا کر دیا ہے، سری نگر اور دیگر علاقوں سے ہزاروں افراد کشمیر ڈیجیٹل سے جڑ گئے جو چینل کی ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں ایک جذباتی لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب سوپور کے رہائشی محمد اشرف شاہ کو 35 سال بعد اپنے کلاس فیلو جاوید کار کو دیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے جذباتی پیغام میں لکھا:”میں محمد اشرف شاہ، سوپور سے ہوں آپ میرے کلاس فیلو ہیں۔ آج تقریباً 35 سال بعد آپ سے ملاقات ہو رہی ہے وہ بھی اس وقت جب ہم دونوں بڑھاپے کو پہنچ چکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کو لمبی زندگی عطا فرمائے، آمین۔”
کشمیر ڈیجیٹل آر پار کے کشمیریوں کی حقیقی آواز بن چکا ہے جو برسوں سے بچھڑے کشمیریوں کو قریب لا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کشمیری زبان میں نشر ہونے والا پوڈکاسٹ مقبوضہ کشمیر کا مقبول ترین پروگرام بن چکا ہے۔
یہ نیٹ ورک جبری جلاوطنی اور ہجر کے مارے کشمیریوں کے درد کا درماں بن رہا ہے اور رشتے جوڑنے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ کشمیر ڈیجیٹل پاکستان اور آزاد کشمیر کا واحد میڈیا نیٹ ورک ہے جسے سری نگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں تک رسائی حاصل ہو چکی ہے۔