10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی مشہور بلی نے 7ویں برطانوی وزیراعظم کا استقبال کیا

برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی مشہور بلی لیری نے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کا استقبال کر کے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

لیری کیٹ کے ایکس اکاؤنٹ سے نئے وزیراعظم کی آمد پر طنزیہ انداز میں پیغام جاری کیا گیا کہ ’’سیاست دان آتے جاتے رہتے ہیں، بلیاں ہمیشہ رہتی ہیں‘‘۔ اس پیغام کے ساتھ ہی نئے وزیراعظم کے لیے مزاحیہ ہدایات بھی جاری کی گئیں، جن کے مطابق لیری کو صبح 9 بجے ناشتہ، ساڑھے 10 بجے برنچ اور دوپہر 12 بجے کھانا پسند ہے، جبکہ ان کے درمیان میں اسنیکس بھی انتہائی ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کابینہ تشکیل دیدی،شبانہ محمود دوبارہ وزیرداخلہ مقرر

لیری کی 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں آمد اور ذمہ داریاں:

لیری کو 15 فروری 2011 کو اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دور میں لندن کے ایک جانوروں کے شیلٹر سے گود لیا گیا تھا۔ اس وقت تقریباً 4 سالہ لیری کو 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے لایا گیا تھا۔

چوہے پکڑنے کے علاوہ لیری کی دیگر اہم سرگرمیوں میں آنے والے مہمانوں کا استقبال کرنا، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور قدیم فرنیچر پر آرام کے لیے بہترین جگہوں کا انتخاب کرنا شامل ہے۔

7 وزرائے اعظم کے ساتھ قیام اور سوشل میڈیا مقبولیت:

گزشتہ 15 برس کے طویل دورانئے کے دوران لیری ڈیوڈ کیمرون، تھریسا مے، بورس جانسن، لز ٹرس، رشی سونک، کیئر اسٹارمر اور اب اینڈی برنہم سمیت مجموعی طور پر 7 برطانوی وزرائے اعظم کے ساتھ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں رہ چکی ہے۔

مزید پڑھیں: رات کو سوشل میڈیا کے استعمال پر کرفیو کا اعلان، برطانوی حکومت کی نئی تجویز سامنے آگئی

تقریباً 19 سال کی عمر کو پہنچنے والی لیری کے ایکس اکاؤنٹ کے 9 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں، جسے ایک نامعلوم شخص کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔