مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026کیلئے جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، دوران پولنگ قیام امن و امان اور موومنٹ سکیم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سیدنظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، نیلم ویلی، جہلم ویلی، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد، سپرنٹنڈنٹ پولیس نیلم اور سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026جو مورخہ27جولائی 2026کو منعقد ہوں گےکیلئے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں، انتخابی امیدواران اور الیکشن ا یجنٹ ہا کیلئے ضابط اخلاق جاری کر رکھا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ صدر ،وزیردفاع سےملاقاتیں،اہم امور پر تبادلہ خیال ،آئی ایس پی آر
جملہ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر ز ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور مانیٹرنگ ٹیم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی رپورٹ متعلقہ مجاز آفیسر کو کرے جو تحت ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کریں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پولنگ کے دن انتخابات کو صاف و شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ پولنگ اسٹیشن پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مناسب سیکورٹی فورسز مامور کی جائیں تاکہ عوام الناس پُر امن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اور کسی قسم کا کوئی نا خوشگوار واقعہ رونمانہ ہو سکے۔
موومنٹ سکیم کے حوالہ سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موومنٹ سکیم میں ساما ن کی ترسیل، اس کی واپسی بالخصوص نتائج کی وصولی کا مناسب بندوبست شامل ہے تاکہ نتائج متعلقہ ریٹرننگ آفیسر تک بر وقت پہنچ سکیں جو الیکشن کمیشن کے کنٹرول روم تک پہنچا سکیں۔
موومنٹ سکیم مرتب کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ ایک ہی روٹ پر ایک سے زیادہ اسمبلی پوائنٹس بنائے جائیں اور ہر اسمبلی پوائنٹ کے ساتھ پانچ چھ اسٹیشن منسلک ہوں۔
اس طرح کم سے کم گاڑیوں کا استعمال ہو۔ یہ گاڑیاں مٹیریل، سٹاف کو پولنگ اسٹیشن تک پہنچانے کے علاوہ پولنگ کے اختتام پر سٹاف اور مٹیریل (بیگز اور بیلٹ باکسز) کو واپس لانے کیلئے بھی استعمال ہو ں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹر کی وفاق سے مانگ کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا موقف سامنے آگیا
موومنٹ سکیم کیلئے جو رقم دی گئی ہے اس میں سٹاف، مٹیریل، بیلٹ باکسز اور رزلٹس اکٹھے کرنا شامل ہے۔
جس میں ان اشیاء کی ترسیل اور واپسی دونوں شامل ہوتی ہیں۔ الیکشن ڈیوٹی کیلئے مامور عملہ اور پولنگ مٹیریل کو متعلقہ پولنگ سٹیشن تک پہنچانے اور اسے بحفاظت واپس لانےکیلئے گاڑیوں کی ضرورت ہو گی اس مقصد کیلئے ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو حلقہ کے حساب سے معقول رقم فراہم کرنا ہو گی تاکہ وہ گاڑیاں ہائر کر سکیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل نے کہا کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026کو آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنانےکیلئے الیکشن کمیشن تمام ضروری اقدامات عمل میں لا رہا ہے۔
اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کمی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ تمام متعلقہ ادارے انتخابات کے پُرامن اور شفاف انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں۔




