میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)کشمیر ضلع کوٹلی چڑھوئی مظاہرین اور پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے گارڈز کے درمیان تصادم۔ چوہدری یاسین کے قافلے کی گاڑی نظر آتش کرنے والے تینوں غنڈے ایکشن کمیٹی کے ممبران نکلے۔۔
پولیس نے تینوں غنڈوں کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق امیدوار پیپلزپارٹی چوہدری یاسین کے قافلہ کے ساتھ ویگو گاڑی کو آگ لگنے والے3 ملزمان زاہد حسین، محمد مہتاب، ذیشان احمد کو گرفتار کرلیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل چڑھوئی میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور امیدوار چوہدری یاسین کے قافلے پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعے میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حساس ڈاکومنٹری معاملہ: پیمرا کا جیو نیوز کو ایک کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم
پولیس تحقیقات میں یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ چوہدری یاسین کے گارڈز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے دوران گاڑی کو آگ لگانے والے یہ تینوں شرپسند عناصرعوامی ایکشن کمیٹی کے سرگرم ارکان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، چڑھوئی میں احتجاجی مظاہرین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری یاسین کے سیکیورٹی گارڈز کے درمیان شدید تصادم ہوا ۔
اس دوران اشتعال انگیز نعرے بازی کی گئی اور چوہدری یاسین کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو شرپسندوں نے آگ لگا کر خاکستر کر دیا تھا۔
اس پرتشدد واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی۔پولیس نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیجز اور دستیاب شواہد کی مدد سے جلاؤ گھیراؤ کرنے والے غنڈہ عناصر کا سراغ لگایا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے گاڑی کو نظرِ آتش کرنے والے تینوں مرکزی ملزمان کو دھر لیا، جن کا تعلق عوامی ایکشن کمیٹی سے ثابت ہوا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کو ہاتھ میں لینے اور سیاسی رہنماؤں پر حملے کرنے والے کسی بھی شخص سے رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




