جہلم ویلی : ہٹیاں بالا اور گرد و نواح میں مسلسل بارشوں اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز سے جاری بارش اور برف باری کے نئے سلسلےنے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث کئی مقامات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے۔
وادی لیپہ، چکار، سدھن گلی، پانڈو اور دیگر بلند مقامات پر شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہےجس کی وجہ سے راستے بند ہو گئے ہیں اور مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔ لیپہ ویلی کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے زمینی رابطہ کٹ جانے کے بعد شہریوں کو ضروری اشیاء کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب میدانی علاقوں میں مسلسل بارش نے سڑکوں کو کیچڑ سے بھر دیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
بارش اور برف باری کے سبب رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو نقل وحمل میں شدید مشکلات درپیش ہیں جس کی وجہ سے افطار اور سحر کے اوقات میں کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی متاثر ہورہی ہےجبکہ سردی میں اضافے کے ساتھ ایندھن کی طلب بھی بڑھ گئی ہے اورخراب موسم کے باعث بازاروں میں رش بھی کم ہو گیا ہے ساتھ ہی بیشتر شہری گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے تحت ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکےاور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھرضلعی انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ پاک فوج اور دیگر ادارے مشکلات کے حل کے لیے متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ بجلی اور دیگر سہولیات کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور برف باری کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوا ہے تاہم وہ رمضان کے بابرکت مہینے میں صبر و شکر کے ساتھ حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور فلاحی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خور و نوش اور ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو مشکلات نہ اٹھانی پڑیں۔