آزاد کشمیر میں امن و امان قائم، پولیس کا کردار مثبت، کارکنان الیکشن کی تیاری زوروشور سے کریں، شاہ غلام قادر

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورت حال پر ایک اہم اور تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

اپنے تفصیلی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی نے اس سے پہلے بھی تین مرتبہ امن و امان کی ایسی ہی صورت حال پیدا کی تھی، تاہم ہر بار حکومت اور کمیٹی کے مابین ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں کوئی نہ کوئی پرامن اور مثبت حل نکال لیا گیا تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بھی دونوں کے درمیان باقاعدہ مذاکرات ہوئے لیکن ایکشن کمیٹی کے نمائندے کسی بھی صورت مذاکرات کے عمل کوبرقرار رکھنے یا آگے بڑھانے کے لیے تیار نہیں تھے۔

شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ ایکشن کمیٹی کا صرف ایک ہی مطالبہ تھا کہ پہلے ہمارےمطالبات مانو ورنہ ہم احتجاجی ہڑتال کریں گے، پورے مظفرآباد کا گھیراؤ کریں گے اور لانگ مارچ کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اسی ہٹ دھرمی کی بنیاد پر محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے ان پر پابندی عائد کی ہے، جو کہ امن و امان کے قیام کے لیے ایک بالکل درست اقدام تھا کیونکہ حکومت کے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا چارہ کار موجود نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا فیصلہ درست ہے: شاہ غلام قادر

آزاد کشمیر میں معمولات زندگی بحال اور پاکستان مخالف کوششیں ناکام:

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کا مزید کہنا تھا کہ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس وقت پورے آزاد کشمیر میں مکمل امن و امان قائم ہے اور تمام کاروباری سرگرمیاں، سارا کاروبار بالکل چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ معمول کے مطابق بازاروں میں آ جا رہے ہیں اور زندگی رواں دواں ہے۔ شاہ غلام قادر نے اس بات پر بھی گہرا زور دیا کہ بعض عناصر کی جانب سے آزاد کشمیر میں پاکستان کے خلاف جو فضا قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، اس میں بھی ان لوگوں کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ اپنے مقصد میں ناکام ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر پولیس نے اپنی بہترین حکمت عملی کی بدولت پورے آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورت حال کو مستقل بحال رکھا ہوا ہے، جس کی وجہ سے شرپسند عناصر کو سر اٹھانے کا موقع نہیں ملا۔

پولیس کی کارکردگی کو خراج تحسین اور عام انتخابات کی تیاری کا اعلان:

قائد حزب اختلاف نے اپنے بیان میں گزشتہ رات پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر اوور آل (overall) مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا جائے تو آزاد کشمیر میں پولیس نے انتہائی مثبت انداز میں اپنا قومی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس شاندار اور مثبت کارکردگی پر آزاد کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران سے لے کر عام جوانوں تک سب کو دلی مبارکباد پیش کی۔ شاہ غلام قادر نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے آزاد کشمیر میں ایک مونسفانہ اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے راستہ ہموار ہو سکے گا، جس کے لیے پولیس اس وقت بھی اپنا بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ بیان کے آخر میں انہوں نے آزاد کشمیر کے غیور عوام اور مسلم لیگ (ن) کے تمام کارکنان سے پرزور گزارش کی کہ وہ اب کسی بھی منفی پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے پورے زور و شور کے ساتھ آئندہ آنے والے انتخابات کی بھرپور تیاری کا آغاز کریں۔

مزید پڑھیں: وادی نیلم میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو جھٹکا ، درجنوں افراد شاہ غلام قادر کے قافلے میں شامل