انڈین پلمبر کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کی پراسرار ٹرانزیکشن، پولیس متحرک

انڈیا میں ایک غریب پلمبر کے ساتھ ایسا حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے کہ اسے سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ خوش ہو یا پریشان کیونکہ اس کے بینک اکاؤنٹ کے بیلنس نے اسے عجیب سا جھٹکا لگا دیا ہے۔ اخبار ٹریبیون انڈیا کے مطابق پلمبر کے بینک اکاؤنٹ میں محض 113 روپے موجود تھے مگر جب اس نے اچانک اپنا بیلنس چیک کیا تو اس میں 294 کروڑ روپے کی خطیر رقم آئی ہوئی تھی جس نے سب کو حیران کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ انوکھا اور پراسرار واقعہ ریاست بہار کے ضلع گایا کے علاقے مست پورہ کے رہائشی ویکاش کمار کے ساتھ پیش آیا ہے۔ ویکاش کمار پیشہ کے لحاظ سے ایک پلمبر کا کام کرتا ہے اور اس کی روزمرہ کی آمدنی کافی کم ہے، تاہم جب اسے اچانک اپنے اکاؤنٹ میں 294 کروڑ روپے کی اتنی بڑی رقم کی موجودگی کا پتہ چلا تو وہ شدید پریشان ہو گیا کہ وہ اب کیا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے روکنے کے باوجود اسرائیل کے ایران اور لبنان پر فضائی حملے

اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم دیکھ کر وہ شش و پنج میں مبتلا ہو گیا اور اس نے تسلی کے لیے دوسرے بینک کے اے ٹی ایم میں جا کے بھی چیک کیا تو وہاں بھی وہی رقم موجود تھی۔ ایک بار تو اس کے دل میں خیال آیا کہ وہ اس رقم میں سے کچھ پیسے نکال لے لیکن ساتھ ہی یہ بھی ذہن میں آیا کہ بالآخر اس بات کا پتہ چل جائے گا اور وہ کسی بڑی مصیبت میں پھنس جائے گا، اس لیے ویکاش کمار نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گاؤں مست کے مقامی رہنماؤں کو مطلع کیا اور ان کی وساطت سے پولیس سے رابطہ کیا۔

بودھ گایا پولیس کے ایس ایچ او منوج کمار کا اس حساس معاملے پر کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی حساس مالیاتی کیس ہے، جس میں بینک ریکارڈ، سروسر لاگ، ٹرانزیکشن آئی ڈیز اور دوسری تمام چیزوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے یہ پتہ چلانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ رقم بینکنگ ایرر، کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹرانسفر ہوئی یا پھر یہ کسی بڑے فراڈ کا معاملہ ہے۔

دوسری جانب ویکاش کمار کا اپنا موقف ہے کہ انہیں بالکل نہیں پتہ کہ یہ رقم کہاں سے آئی اور کس نے بھجوائی ہے، اسی لیے انہوں نے اس رقم کو استعمال کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ایک غریب پلمبر ہوں اور میرے اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم کا موجود ہونا بالکل ناممکن ہے، مجھے سچ میں نہیں پتہ کہ یہ پیسے کہاں سے آئے؟

مزید پڑھیں: تحریک انصاف سوشل میڈیا کا گھناؤنا پروپیگنڈا،26 نومبر 2024 کی طرز پر راولاکوٹ کی عوام کو ریاست کیخلاف کرنے کی سازش بے نقاب

ویکاش کمار کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز وہ 13 سو روپے بینک سے نکلوا لیے تھے جو ایک کسٹمر نے انہیں کام کے سلسلے میں بھجوائے تھے اور اس کے بعد اکاؤنٹ میں صرف 113 روپے کا بیلنس بچا تھا، اس کے بعد صبح کے وقت جب بیلنس دیکھا تو وہ 94 کروڑ ہو گیا اور تھوڑی دیر بعد پھر چیک کیا تو وہ بڑھ کر 294 کروڑ ہو گیا تھا۔ انہوں نے پولیس سے رابطے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر پیسے آنے سے لوگ خوش ہوتے ہیں مگر میرے پاس ایسی اور اتنی بڑی رقم آئی ہے جس نے مجھے شدید پریشان کر دیا ہے۔