استور(کشمیر ڈیجیٹل) گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پولنگ ڈیوٹی پر مامور ایک پریذائیڈنگ آفیسر دل کا دورہ پڑنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ۔
تفصیلات کے مطابق جی بی اے 14 استور ٹو کے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل معمول کے مطابق اور پرامن ماحول میں جاری تھا۔ اسی دوران پریذائیڈنگ آفیسر الیاس خاکی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ۔
موقع پر موجود عملے نے فوری طور پر ان کی حالت دیکھتے ہوئے طبی امداد دینے کی کوشش کی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کرنے کے لیے روانہ کیا گیا ۔ تاہم وہ راستے میں ہی جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن نتائج آنے لگے ، خالد خورشید کے حلقے سے ن لیگ پہلے، پی ٹی آئی دوسرے، پیپلزپارٹی تیسرے نمبر پر
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی ۔ انتظامیہ کی جانب سے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد مرحوم کے جسد خاکی کو عید گاہ استور منتقل کر دیا گیا، جہاں بعد ازاں لواحقین کے حوالے کرنے کے انتظامات کیے گئے ۔
افسوسناک واقعے کے باوجود حلقے میں انتخابی عمل جاری رکھا گیا۔ حکام کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے ۔
ووٹنگ کے دوران مختلف پولنگ اسٹیشنز پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور پرامن انداز میں ووٹ کاسٹ کیا ۔
پولنگ کا مقررہ وقت مکمل ہونے کے بعد بیلٹ بکسز کھولنے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن کی تیاریاں مکمل، 24 حلقوں میں 396 امیدوار میدان میں!
انتخابی عمل کے دوران پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے ماحول کو سوگوار کر دیا، تاہم مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہوا ۔




