ایران میں تعینات چینی سفیر کانگ پَے وُو نے پاکستان کو خطے میں ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر ثالث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں چینی سفیر نے کہا کہ چین خطے میں امن کے قیام اور سفارتی کوششوں کے فروغ کے لیے پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔
چینی سفیر کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی کے قیام میں سہولت کاری کے ساتھ ساتھ مختلف سفارتی رابطوں کو مضبوط بنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے نہ صرف مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں معاونت فراہم کی بلکہ مختلف فریقوں کے درمیان رابطے اور اعتماد سازی کے عمل میں بھی حصہ لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان ماضی میں ہمارا واحد اسٹریٹجک پارٹنرتھا، اب بھی سب سےمنفردہے،سفیرچینی کمیونسٹ پارٹی
کانگ پَے وُو کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں ایسے ممالک کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جو مختلف ریاستوں اور فریقوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بن سکیں ۔
ان کے بقول پاکستان نے حالیہ برسوں میں اپنی سفارتی پالیسی اور علاقائی کردار کے ذریعے خود کو ایک ذمہ دار، قابلِ اعتماد اور فعال شراکت دار کے طور پر منوایا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ سے مشرقِ وسطیٰ میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کا حامی رہا ہے اور بیجنگ خطے میں استحکام کے لیے کی جانے والی تمام مثبت اور تعمیری سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی ملاقات، عالمی سطح پر استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، چینی صدر
چینی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے فروغ اور سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے لیے پاکستان جیسے ممالک کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔




