آزاد جموں و کشمیر پولیس نے امن و امان کے تحفظ اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گزشتہ 18 گھنٹوں کے دوران ایک بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ اس کارروائی کے تحت قانون کے مطابق ایکشن لیتے ہوئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) سے وابستہ تقریباً 72 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیزکے مطابق، ابتدائی کارروائی کے دوران بعض گرفتار ملزمان سے اسلحہ، مواصلاتی آلات، مشتبہ دستاویزات، امنِ عامہ کو متاثر کرنے کے منصوبوں سے متعلق مواد، احتجاجی و پرتشدد سرگرمیوں کا منظم طریقہ کار (پیٹرنز) اور غیر ملکی افراد سے مشکوک روابط کے اشارے بھی ملے ہیں، جن کی تفتیش قانون کے مطابق کی جا رہی ہے۔
بڑے پیمانے پر بدامنی اور انتخابی عمل متاثر کرنے کی منصوبہ بندی بے نقاب:
پولیس دستاویزات اور ابتدائی شواہد سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ بعض عناصر عوامی مسائل کا لبادہ اوڑھ کر امنِ عامہ کو شدید نقصان پہنچانے، انتخابی عمل کو متاثر کرنے، سرکاری و نجی املاک کو تباہ کرنے، اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام میں اشتعال پیدا کرنے کی باقاعدہ پلاننگ کر رہے تھے۔ یہ عناصر غیر آئینی اور پرتشدد ایجی ٹیشن (احتجاج) کے ذریعے شہریوں کے معمولاتِ زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کرنا چاہتے تھے۔ پولیس اور متعلقہ حساس ادارے برآمد ہونے والے تمام مواد، ڈیجیٹل شواہد، معلومات اور روابط کا قانونی تقاضوں کے تحت باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا فیصلہ درست ہے: شاہ غلام قادر
آئی جی آزاد کشمیر کا دوٹوک موقف اور شہریوں سے اہم اپیل:
آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر نے اپنے سخت موقف کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست میں پرامن اظہارِ رائے، آئینی مطالبات اور قانونی دائرے میں رہ کر کیے جانے والے احتجاج کا پورا احترام کیا جاتا ہے۔ تاہم، کسی بھی شخص، گروہ یا غیر قانونی تنظیم کو تشدد پھیلانے، اشتعال انگیزی کرنے، اسلحہ کی نمائش و استعمال، سڑکیں بند کرنے، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے یا شہریوں کی زندگیوں میں خلل ڈالنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون بلا امتیاز حرکت میں آئے گا اور تمام گرفتار شدگان کو مروجہ قانونی طریقہ کار کے مطابق تفتیش، ریمانڈ اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
ترجمان آئی جی پی کی طرف سے آزاد کشمیر کی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مکمل پرامن رہیں، افواہوں اور سوشل میڈیا پر موجود اشتعال انگیز مواد پر کان نہ دھریں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں، حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں، اور کسی بھی کالعدم یا غیر قانونی تنظیم و گروہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے مکمل اجتناب کریں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی، مسلح عناصر یا امن کو متاثر کرنے والی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ انتظامیہ کو دی جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس قانون کی عملداری اور عوامی نظم و ضبط کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہے، جس کے نتیجے میں خطے کی تمام سڑکیں اور مارکیٹس کھلی ہیں اور زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ ریاست میں امن کو خراب کرنے یا عوام کو غیر آئینی سرگرمیوں کی طرف اکسانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔




