آزاد کشمیر کے شہریوں کوجدید سیکورٹی فیچرز والا ڈرائیونگ لائسنس کب ملے گا؟

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل)ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر پولیس کی جانب سے جاری کردہ نئے کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس کے ڈیزائن اور فیچرز کے حوالہ سے ایک پوسٹ شیئر ہونا پائی گئی ہے۔

آزاد کشمیر پولیس نے اپنے شہریوں کو جدید اور تیز ترین کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کے سلسلہ میں پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) لاہور سے نیا سافٹ وئیر جو پنجاب پولیس ماڈل کی طرز پر ہے حاصل کیا ہے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔ڈپٹی کمشنر کوٹلی کا ٹریفک پولیس کو جامع ٹریفک منیجمنٹ پلان تیار کرنے کا حکم

چونکہ آزاد کشمیر کے شہریوں کی بڑی تعد اور روزگار اور تعلیم کے سلسلہ میں بیرون ملک سفر کرتی ہے جہاں ڈرائیونگ لائسنس کی ضرورت پیش رہتی ہے۔
لہذا شہریوں کی سہولت اور فوری ضرورت کے پیش نظر اس نئے ڈیزائن کے مطابق ڈرائیونگ لائسنسز کی پرنٹنگ کی جارہی ہے۔

آزاد کشمیر کے شہریوں کے لئے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے ڈیزائن اور سیکورٹی فیچرز کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقین کے ساتھ متعدد میٹنگز کی جا چکی ہیں اور ڈرائیونگ لائسنسز کی پرنٹنگ کے لئے مرکزی دفتر پولیس کی سطح پر پرنٹنگ کے انتظامات کئے جارہے ہیں تا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق سیکورٹی فیچرز سے آراستہ ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کیا جاسکے۔

امید ہے کہ عید الفطر کے بعد آزاد کشمیر پولیس نئے ڈیزائن اور جدید سیکورٹی فیچرز کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے قابل ہو سکے گی۔ یہ اقدامات شہریوں کی سہولت کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کو حاصل کرتے ہوئے عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top