حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ آپریٹرز، موٹرسائیکل مالکان اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری فیول سبسڈی سکیم کے تحت پانچویں اور چھٹی قسط جون 2026 کے دوران جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اہم فیصلہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت کا موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑا ریلیف؛فیول سبسڈی دینے کا اعلان
اجلاس میں فیول سبسڈی سکیم پر اب تک ہونے والی پیش رفت، مستحق افراد کو امداد کی فراہمی اور شفافیت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران سکیم کے تحت چار اقساط دو ہفتہ وار بنیادوں پر کامیابی سے جاری کی جا چکی ہیں، جس سے ہزاروں مستحق افراد مستفید ہوئے ہیں۔
اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کاری، فنڈز کی تقسیم اور نگرانی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے سکیم کے نفاذ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مستحق افراد تک امداد کی بروقت اور شفاف فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عام شہریوں، کسانوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے جوابدہی کے نظام کو مزید موثر بنانے اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو مضبوط کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ امدادی رقوم صحیح حقداروں تک پہنچ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب : طلباء وطالبات کیلئے فیول کارڈ جاری کرنےکی تجویز
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
شرکا ءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیول سبسڈی سکیم کے تحت عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور جون کے دوران پانچویں اور چھٹی قسط بروقت جاری کی جائے گی۔



