آزادکشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ ، الرٹ جاری

اسلام آباد، (کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 6 جون تک شمالی پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈ الرٹ جاری کردیا ۔

الرٹ میں انتباہ کیا گیا ہے کہ جاری بارشوں اور مقامی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں خطرناک پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، موسم خوشگوار

ایڈوائزری کے مطابق 2 سے 5 جون کے درمیان مسلسل بارشوں اور تیزی سے گلیشیئر پگھلنے سے خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع بشمول چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے اہم ٹرانسپورٹ کوریڈورز کی نشاندہی کی ہے، جن میں لواری ٹنل روٹ، چترال-دیر روڈ، سوات ویلی سڑکیں، قراقرم ہائی وے اور ناران-کاغان روڈ شامل ہیں،جو لینڈ سلائیڈنگ کے لیے انتہائی حساس ہیں۔

اتھارٹی نے مزید متنبہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 2 سے 6 جون تک لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر کنڈل شاہی، شاردا، اتمقم اور اڑنگ کیل کے علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے

مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری یٰسین کے قریبی ساتھی چوہدری امیر قابل 40 سالہ رفاقت توڑ کرن لیگ میں شامل

این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی کیچمنٹ کے علاقوں میں شدید بارش بھی ندیوں اور نالوں میں مقامی سطح پر اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ خطرناک سفری حالات پیدا کر سکتی ہے اور پہاڑی علاقوں میں سڑکیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔

اتھارٹی نے کہا کہ اس کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم کے نمونوں، سیلاب کے خطرات، گلیشیئرلیک آؤٹ، برسٹ فلڈز (جی ایل او ایف) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل موسم کی پیشن گوئی اور سڑک کے حالات کا جائزہ لیں اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ریئل ٹائم الرٹس، موسم سے متعلق ایڈوائزری اور ایمرجنسی اپ ڈیٹس کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے باخبر رہیں۔