میرپور: منگلا ڈیم میں نہاتے ہوئے بوہڑ کالونی کے مقام پر 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق

میرپور آزاد کشمیر سے انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے جہاں منگلا ڈیم میں نہاتے ہوئے دو نوجوان گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاوندا واٹر ریسکیو اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بڑے پیمانے پر مشترکہ سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

پاونڈا واٹر ریسکیو ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کی خصوصی نگرانی میں بوہڑ کالونی کے مقام پر صبح سویرے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔ یہ اہم آپریشن ڈپٹی کمشنر میرپور ساجد اسلم، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نجم الشہاب سدوزئی کی براہِ راست نگرانی میں انتہائی مستعدی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹلی نکیال روڈ پر سوزوکی بولان گاڑی کو حادثہ ،خاتون چل بسیں

پاوندا واٹر ریسکیو کی ماہر ٹیم نے منگلا ڈیم میں مسلسل تلاش کے بعد دونوں نوجوانوں کی نعشیں بحفاظت برآمد کر لیں۔ اس ریسکیو آپریشن میں ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو (1122) کی ٹیم نے بھی بھرپور معاونت کی اور جائے وقوعہ پر تمام ضروری آلات کے ساتھ الرٹ رہی، جس کی بدولت لاشوں کو پانی سے نکالا گیا۔

منگلا ڈیم کی بے رحم لہروں کا شکار ہونے والے دونوں کمسن نوجوانوں کی عمریں محض 15، 15 سال تھیں اور وہ میرپور کے ہی رہائشی تھے۔ جاں بحق ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت حسنین ولد طارق محمود کے نام سے ہوئی ہے جو ہال مقیم سیکٹر سی تھری (C-3) تھا، جبکہ دوسرے نوجوان کی شناخت عبداللہ ناصر ولد ناصر کے نام سے ہوئی ہے جو سیکٹر سی فور (C-4) کا رہائشی تھا۔

مزید پڑھیں: خانپور ڈیم میں ڈوبتے ہوئے ساتھی کو بچاتے ہوئے 2 نوجوان جاں بحق، ایک کی حالت نازک

ریسکیو ٹیم نے دونوں نوجوانوں کی نعشیں ڈیم سے برآمد کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر ایس ایچ او تھانہ ٹھوٹھال کے حوالے کر دیں تاکہ ضروری قانونی کارروائی اور ضابطے کو مکمل کیا جا سکے۔ منگلا ڈیم میں پیش آنے والے اس ناگہانی اور شدید افسوسناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔