اسلام آباد (1 جون 2026): ملک میں کمزور مرطوب ہوائیں داخل؛ بالائی فضاء میں ہائی پریشر برقرار، میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے ہفتہ وار الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین تفصیلی رپورٹ کے مطابق، بحیرہ عرب کی جانب سے کمزور مرطوب ہوائیں ملک کے جنوبی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب بالائی فضاء میں ایک ہائی پریشر موجود ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے تحت ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کا راج رہے گا، تاہم مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید گرمی برقرار، آئندہ ہفتے بارشوں کی جزوی پیشگوئی
7 روزہ تفصیلی ہفتہ وار موسمی صورتحال:
01 جون 2026: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، شام یا رات کے اوقات میں جنوبی پنجاب، مری، گلیات، جہلم، راولپنڈی، بہاولپور، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور اور شمال مشرقی بلوچستان (نصیر آباد، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور گردو نواح) میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
02 جون 2026: بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ بلوچستان اور سندھ میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شام یا رات میں جنوبی پنجاب، مری، گلیات، سرگودھا، اٹک، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، شمال مشرقی بلوچستان (نصیر آباد، کوہلو، بارکھان، خضدار اور گردو نواح)، خیبر پختونخوا (کوہستان، بٹگرام، ایبٹ آباد، کالام، سوات، مالاکنڈ، کرک، بنوں، کوہاٹ، مومند، وزیرستان اور گردو نواح کے علاقے) اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
03 جون 2026: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور پنجاب میں کہیں کہیں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
04 جون 2026: خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، بالائی و وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
05 جون 2026: بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی و وسطی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
06 جون 2026: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
07 جون 2026: بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرم اضلاع کے شہریوں کو دھوپ میں بلاضرورت نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ آندھی اور جھکڑ کے دوران بالخصوص بالائی علاقوں کے مسافروں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔





