نئے عمرہ سیزن کا باقاعدہ آغاز: سعودی عرب نے ویزا درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں

اسلام آباد (1 جون 2026): دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بڑی خوشخبری، سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزا درخواستوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

سعودی عرب کی حکومت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نئے عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے ویزا درخواستوں کی وصولی شروع کر دی ہے۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق، گزشتہ روز (31 مئی) سے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزوں کا باقاعدہ اجراء کر دیا گیا ہے اور اسی تاریخ سے بین الاقوامی زائرین کی مملکت میں آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق، رواں سال حج کے مناسک کی تکمیل کے فوراً بعد ہی اسلامی سال 1448 ہجری کے عمرہ سیزن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ اس نئے سیزن کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ ویزوں کا اجراء اور آمد کا سلسلہ 23 مارچ 2027 تک بلاططل جاری رہے گا، جس سے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کو ارضِ مقدس کی حاضری اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی حجاج کے لیے آبِ زم زم اور سامان لانے سے متعلق نئی پالیسی جاری

وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام زائرین اب سعودی حکومت کے آفیشل ڈیجیٹل پلیٹ فارم “نسک” (Nusuk) ایپلی کیشن کے ذریعے مکہ مکرمہ میں داخلے اور عمرہ پرمٹ آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ جدید ڈیجیٹل سسٹم زائرین کو پرمٹ، بکنگ اور دیگر حج و عمرہ خدمات ایک ہی مرکزی نظام کے تحت فراہم کرتا ہے، جس سے زائرین کے لیے سفری عمل انتہائی شفاف اور آسان ہو گیا ہے۔

ویزے اور آمد و روانگی کی اہم تاریخیں:

رپورٹس کے مطابق، سعودی حکام نے نئے عمرہ سیزن کے لیے درج ذیل اہم تاریخوں کا اعلان کیا ہے جن پر عمل کرنا تمام زائرین کے لیے لازمی ہوگا:

  • عمرہ ویزہ جاری کرنے کی آخری تاریخ: 9 مارچ 2027
  • سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ: 23 مارچ 2027
  • مملکت سے واپسی/روانگی کی آخری تاریخ: 7 اپریل 2027

وزارتِ حج و عمرہ نے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر اپنی بکنگ اور سفری تقاضے پورے کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: دلیہ بیچ کر حج کا خواب پورا کرنے والی 104 سالہ انڈونیشین خاتون مکہ پہنچ گئیں