اسلام آباد (1 جون 2026): آئی فون کے ڈیزائنر کی تیار کردہ فراری کی پہلی الیکٹرک سپر کار ’لُوچے‘ شدید تنقید کی زد میں آ گئی، تقریبِ رونمائی کے اگلے ہی دن فراری کے شیئرز میں 8 فیصد کمی۔
عالمی سطح پر مشہور کار ساز کمپنی فراری کی جانب سے متعارف کروائی گئی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی (ای وی) ’لُوچے‘ (Luce) کو انٹرنیٹ پر ناقدین، سرمایہ کاروں اور سیاستدانوں کی جانب سے غیر معمولی اور سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آئی فون کو ڈیزائن کرنے والے نامور ڈیزائنر سر جونی آئیو کے تصور پر مبنی اس گاڑی کی رونمائی کے بعد سے یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ یہ جدت ہے یا کوئی بڑی غلطی۔
یہ بھی پڑھیں: فیراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی متعارف کرادی
صدر اور پوپ کی موجودگی میں بڑی تقریبِ رونمائی:
اطالوی زبان میں ’روشنی‘ کے نام سے منسوب فراری ’لُوچے‘ کی تقریبِ رونمائی انتہائی بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی تھی۔ اس باوقار تقریب میں اٹلی کے صدر سرجیو ماتاریلا اور مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ فراری کی تاریخ کی اس پہلی مکمل الیکٹرک کار کا لائیو نظارہ کر سکیں۔
سرمایہ کاروں کا منفی ردِعمل اور کروڑوں کی کار پر میمز کی بھرمار:
شاندار تقریب کے باوجود مارکیٹ اور عوام کی جانب سے اس گاڑی کو اچھا مائند نہیں کیا گیا۔ کار کی رونمائی کے اگلے ہی دن اسٹاک مارکیٹ میں فراری کے شیئرز میں اچانک 8 فیصد کی بڑی کمی واقع ہو گئی۔ دوسری جانب، 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر (پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 18 کروڑ روپے) مالیت کی اس مہنگی ترین کار کے ڈیزائن اور خصوصیات پر انٹرنیٹ صارفین نے بے تحاشہ میمز بنا کر اس کا مذاق اڑایا۔ واضح رہے کہ یہ ناصرف کمپنی کی پہلی الیکٹرک کار ہے بلکہ یہ فراری کی تاریخ کی پہلی 5 نشستوں (سیٹوں) والی گاڑی بھی ہے۔
عالمی چیلنجز اور فراری کی روایتی پہچان:
فراری کی جانب سے یہ الیکٹرک گاڑی ایک ایسے وقت میں سامنے لائی گئی ہے جب عالمی آٹو انڈسٹری کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے، خصوصاً الیکٹرک کاریں بنانے والی چینی کمپنیوں سے سخت مقابلے کی فضا قائم ہے۔ ماضی میں فراری ہمیشہ اپنے طاقتور پیٹرول انجنوں اور سڑکوں پر گونجنے والی زور دار آواز کی حامل سپر کارز کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانی جاتی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمپنی کئی برسوں تک الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں شامل ہونے سے گریز کرتی رہی، جبکہ دیگر بڑی آٹو کمپنیاں اس تبدیلی کو بہت پہلے اپنا چکی تھیں۔ اب فراری کی جانب سے پیٹرول کے بجائے الیکٹرک کار کی طرف منتقلی کو ایک بہت بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: سستی ترین برانڈڈ الیکٹرک گاڑی بنگو ای وی کی قیمت میں لاکھوں روپے کی کمی
شاندار کارکردگی کے باوجود تنقید کا سبب:
اگر کارکردگی اور رفتار کی بات کی جائے تو فراری ’لُوچے‘ دنیا کی کئی دیگر سپر کارز کے بالکل برابر کھڑی دکھائی دیتی ہے۔ یہ کار محض ڈھائی (2.5) سیکنڈ میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ (96 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی تیز ترین رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 190 میل فی گھنٹہ سے بھی زیادہ بتائی گئی ہے۔ تاہم، اس شاندار رفتار اور پرفارمنس کے باوجود گاڑی کا مجموعی تصور اور فراری کی روایتی پہچان سے ہٹ کر ہونا ناقدین کو پسند نہیں آ رہا۔




