راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل)آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بولنگ کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ حکمت عملی کا حصہ تھا، کیونکہ ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کو اندازہ تھا کہ اس وکٹ پر گیند بہتر انداز میں بلے پر آئے گی جبکہ اسپنرز کو بھی مدد ملنے کے امکانات موجود تھے ۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے پچ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی تھی اور خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے اسی پلان کے مطابق میدان میں بہترین کارکردگی دکھائی ۔
ان کا کہنا تھاکہ اسپنرز نے توقعات کے مطابق شاندار بولنگ کی اور اہم مواقع پر ٹیم کو کامیابی دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا ۔
قومی کپتان نے میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہم نے30 سے 40 رنز کم بنائے : آسٹریلوی کپتان جوش انگلس
شاہین آفریدی نے کہا کہ گراؤنڈ میں عرفات منہاس کے والد کو اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوش اور جذباتی دیکھ کر انہیں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو یاد آگیا ۔
ان کے مطابق نوجوان کھلاڑی کو دباؤ میں بہترین کھیل پیش کرتے دیکھنا خوش آئند بات ہے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کو بھی سراہا ۔
انہوں نےکہا کہ غازی غوری نےنہ صرف اس میچ میں بلکہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف بھی عمدہ کھیل پیش کیا تھا ۔
کپتان کے مطابق غازی غوری اسپن اور فاسٹ بولنگ دونوں کے خلاف اعتماد کے ساتھ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو ایک اچھے بیٹر کی نشانی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں،کپتان قومی ویمن ٹیم
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل روشن ہے اور اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو قومی ٹیم آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہو سکتی ہے ۔



