نئے شامل ہونیوالے کو ٹکٹ ملنے پر حمایت نہیں کرینگے، ن لیگی رہنما کھاوڑہ

مظفرآباد،;امیدوار اسمبلی راجہ ابرار حسین ایڈووکیٹ کے زیر اہتمام ڈنہ کے مقام پر اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق سینئر وزیر اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے نائب صدر راجہ محمد عبدالقیوم خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں ٹکٹ کے امیدوار راجہ شوکت خان، راجہ طارق بشیر، راجہ قیصر مجید سمیت کھاوڑہ کے مسلم لیگ ن کے کارکنان اور عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی مظفرآباد آمد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ عام کی کامیابی کے لیے بھرپور تیاریاں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں;جہلم ویلی : درجنوں خاندانوں کی ن لیگ سے راہیں جدا، دیوان علی چغتائی کے قافلے میں شامل

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھاوڑہ کی عوام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی جلسہ کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور عوام علاقہ کو بڑی تعداد میں جلسہ گاہ تک لے جایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کھاوڑہ کے ٹکٹ کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

شرکاء نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نئی شامل ہونے والی شخصیت یا امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دیئے جانے کی حمایت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ صرف پرانے، نظریاتی اور دیرینہ کارکن امیدوار کو ہی دیا جانا چاہیے، جیسا کہ میاں محمد نواز شریف کی ہدایات اور پارٹی پالیسی کا تقاضا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر اس اصول کو نظر انداز کیا گیا تو مسلم لیگ ن کھاوڑہ اپنے سیاسی مستقبل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک نظریاتی جماعت ہے اور پارٹی کے وفادار کارکنان نے ہر مشکل وقت میں جماعت کا ساتھ دیا ہے، اس لیے ان کی قربانیوں اور وابستگی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

یاد ریے کہ اس اجلاس میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے امیدوار ثاقب مجید راجا اور چوہدری شفقت ایڈووکیٹ نے شرکت نہیں کی۔