اذان سے متاثر ہونیوالانومسلم نوجوان حج کرنے مکہ مکرمہ پہنچ گیا

مقدس فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان سعودی عرب پہنچ گئے انہی عازمین میں ایک ایسی شخصیت بھی شامل ہوئی جس کی داستانِ ایمان لاکھوں مسلمانوں کیلئے متاثر کن مثال بن گئی۔

اٹلی سے تعلق رکھنے والے نومسلم محمد لوقا نے منیٰ میں مناسکِ حج ادا کئے، نو مسلم نوجوان کا اسلام تک پہنچنے کا سفر ایک منفرد واقعے سے شروع ہوا تھا۔

محمد لوقا کے مطابق انہوں نے پہلی مرتبہ 12 سال کی عمر میں ٹی وی پر اذان کی آواز سنی تھی، وہ کہتے ہیں کہ یہ صرف ایک آواز نہیں تھی بلکہ ایک ایسا احساس تھا جس نے ان کے دل و دماغ پر گہرا اثر چھوڑا۔

اذان کے الفاظ اور اس کا انداز ان کیلئے اتنا پرکشش ثابت ہوا کہ انہوں نے اسلام کے بارے میں مزید جاننے کا فیصلہ کر لیا۔

انہوں نے کئی برسوں تک اسلام کا تفصیلی مطالعہ کیا، اس کے عقائد کو سمجھنے کی کوشش کی اور مختلف مذاہب کے ساتھ تقابلی جائزہ بھی لیا، سچائی کی تلاش نے بالآخر انہیں اسلام کی طرف راغب کیا اور انہوں نے دینِ اسلام قبول کر لیا۔

محمد لوقا کہتے ہیں کہ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی زندگی میں ایک واضح تبدیلی آئی، اسلام نے نہ صرف انہیں زندگی گزارنے کا بہتر طریقہ سکھایا بلکہ زندگی اور موت کے تصور کو بھی نئی جہت دی۔ وہ اسے اپنی زندگی کا خوبصورت ترین فیصلہ قرار دیتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نئے شامل ہونیوالے کو ٹکٹ ملنے پر حمایت نہیں کرینگے، ن لیگی رہنما کھاوڑہ

آج وہ لاکھوں مسلمانوں کے ساتھ منیٰ میں موجود ہیں اور حج جیسے عظیم فریضے کی ادائیگی کر رہے ہیں، ان کی کہانی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ کبھی ایک آواز، ایک احساس یا ایک لمحہ انسان کی پوری زندگی بدلنے کا سبب بن سکتا ہے۔

محمد لوقا کا سفرِ ایمان دنیا بھر کے لوگوں کیلئے امید، جستجو اور روحانی تبدیلی کی ایک منفرد مثال بن چکا ہے۔