مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث دریائے جہلم میں نہانے کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 14 سالہ بچہ ڈوب گیا ۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی جبکہ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وسیم ولد قلم دین، ساکن نیلم، اپنے تین دیگر کم عمر ساتھیوں کے ہمراہ دریائے جہلم میں نہانے کے لیے گیا تھا۔ گرمی کی شدت کے باعث بچے دریا میں اترے تاہم کچھ ہی دیر بعد وسیم گہرے پانی کے حصے میں چلا گیا جہاں اسے پانی کے بہاؤ اور گہرائی کا اندازہ نہ ہو سکا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برنالہ : منجاڑیاں میں افسوسناک حادثہ، نوجوان جاں بحق،علاقے میں سوگ کی فضا
اسی دوران وہ اچانک پانی میں ڈوب گیا۔ساتھی بچوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر قریبی لوگوں کو دی جس کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو حکام کو آگاہ کیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کی تلاش کے لیے دریا کے مختلف حصوں میں آپریشن شروع کیا گیا ۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر بچے کی لاش (ڈیڈ باڈی) تقریباً 200 میٹر تک پانی میں تیرتی ہوئی دیکھی گئی تھی تاہم تیز بہاؤ کے باعث وہ دوبارہ پانی میں غائب ہو گئی، جس کے بعد تلاش کا عمل مزید مشکل ہو گیا ۔ ریسکیو ٹیمیں جدید آلات اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دریا کے اطراف میں نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹریفک کا المناک حادثہ، دو جوان جاں بحق، ہجیرہ سوگ میں ڈوب گیا
حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ بچے کو جلد از جلد تلاش کر لیا جائے ۔ علاقہ مکینوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دریاؤں کے خطرناک مقامات پر نہانے پر پابندی اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے ۔




