برنالہ (کشمیر ڈیجیٹل) منجاڑیاں میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہےجس میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی ۔
تفصیلات کے مطابق حاجی قیوم ساکن منجاڑیاں کا اکلوتا نوجوان بیٹا روڈ ایکسیڈنٹ کا شکار ہو کر انتقال کر گیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان کسی کام کے سلسلے میں سڑک پر موجود تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہو گیا ۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے قریبی طبی مرکز منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔نوجوان کی اچانک اور المناک وفات کی خبر جیسے ہی علاقے میں پہنچی تو ہر طرف کہرام مچ گیا ۔
اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد تعزیت کیلئے مرحوم کے گھر پہنچ گئی۔ فضا سوگوار ہو گئی اور ہر طرف افسردگی کا عالم دیکھنے میں آیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ : نامنوٹہ کے مقام پررکشہ حادثہ ، نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی
اہلِ علاقہ نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اکلوتے بیٹے کا یوں اچانک بچھڑ جانا والدین کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے ۔
سماجی و مذہبی شخصیات نے بھی حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔
واضح رہے کہ علاقے میں ٹریفک حادثات میں حالیہ دنوں کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
عید کی رات بھی ایک الگ حادثے میں برالہ چھپڑ کا ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا تھا، جس کے بعد مقامی افراد نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور احتیاطی اقدامات بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور: نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2نوجوان جاں بحق، راہ گیر زخمی
علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر حفاظتی انتظامات بہتر بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے ۔




