جہلم ویلی (رپورٹ: نمائندہ کشمیر ڈیجیٹل عبدالصبور اعوان) وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں عوام کی جانب سے ان کا پُرجوش اورشاندار استقبال کیا گیا ۔
دورے کے دوران انہوں نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مسائل سنے اور تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کروائی ۔
وزیر تعلیم کے اس دورے میں کوٹلہ، چکہ، خاطر ناڑ، چھم، ممدو بیلہ، نڑدجیاں، بٹ شیڑھی اور تراڑاں سمیت متعدد علاقے شامل تھے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہر مقام پر کارکنان، مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اور مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگی کارکنوں کا دیوان علی چغتائی کوتسلیم کرنے سے انکار، 10 اجتماعی استعفوں کا اعلان
دورے کے دوران دیوان علی خان چغتائی نے مختلف مقامات پر عوامی وفود سے ملاقاتیں بھی کیں، جہاں انہوں نے علاقے میں تعلیمی سہولیات، سکولوں کی صورتحال اور دیگر بنیادی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری اور دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے موقع پر درجنوں خاندانوں نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے دیوان علی خان چغتائی کے قافلے میں شمولیت کا اعلان بھی کیا، جسے سیاسی حلقوں میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ :ن لیگ ، پیپلز پارٹی کو بڑا جھٹکا، درجنوں افراد دیوان علی چغتائی کے قافلے میں شامل
وزیر تعلیم نے اس موقع پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کا مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر سننا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے ۔




