اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )ملک بھر کے عوام کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ایک اہم خبر سامنے آئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی کمی کیے جانے کا امکان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی ہفتہ وار قیمتوں کا تعین آج کیا جائے گا، جس کے بعد نئی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر غور کر رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے جون کیلئے پٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر محفوظ کر لیے
موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں تقریباً 8 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر تک نمایاں کمی متوقع ہے ۔
اگر یہ کمی منظور کر لی جاتی ہے تو اس سے نہ صرف عام صارفین بلکہ ٹرانسپورٹ، زراعت اور مختلف کاروباری شعبوں کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے ۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جبکہ نئی قیمتوں کے اعلان کی ذمہ داری پٹرولیم ڈویژن انجام دے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ
حکومتی پالیسی کے مطابق نئی قیمتیں ایک ہفتے کے لیے نافذ العمل ہوں گی ۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سرکاری سطح پر باضابطہ اعلان سامنے نہیں آتا، اس وقت تک ان اطلاعات کو حتمی تصور نہیں کیا جا سکتا ۔ عوام اور کاروباری حلقے اب نئی قیمتوں کے سرکاری اعلان کا انتظار کر رہے ہیں ۔




