آزاد جموں و کشمیر بھر میں عیدالاضحیٰ کے روز محکمہ صحت کے ملازمین حکومت کی مبینہ مزدور کش پالیسیوں کے خلاف عید کی نماز کے فوراً بعد سڑکوں پر نکل آئے۔ دنیا بھر میں جہاں آج عید کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں وہیں آزاد کشمیر میں ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن کی کال پر ملازمین اپنے معصوم بچوں اور فیملیز کے ہمراہ سراپا احتجاج ہیں۔
دارالحکومت مظفرآباد کے آزادی چوک میں درجنوں ملازمین اپنے بچوں کے ہمراہ جمع ہوئے اور شدید نعرے بازی کی۔ دوسری جانب راولاکوٹ میں بھی سی ایم ایچ راولاکوٹ سے ملازمین نے اپنی فیملیز کے ساتھ ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ عید جیسے مسرت کے موقع پر بھی اپنا حق نہ ملنے کے باعث وہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کی سیاسی و حکومتی شخصیات نے مختلف شہروں میں عید کی نماز ادا کی
وادی نیلم کی تحصیل شاردا میں بھی ملازمین نے سول ہسپتال کے سبزہ زار میں عید کے دن احتجاجی کیمپ قائم کیا جس میں معززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔ کیمپ سے ایپکا ہیلتھ کے صدر جاوید ایوب، سول سوسائٹی کے رہنماؤں اختر ایوب، شیراز خان، اختر جمیل، ملک جہانگیر اور فارسٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے نے خطاب کرتے ہوئے ملازمین کے مطالبات کی تائید کی۔
مقررین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیر صحت، چیف سیکرٹری، سیکرٹری مالیات، سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ سے پرزور مطالبہ کیا کہ ملازمین صحت عامہ جن کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہے ان کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ عید کے روز احتجاج کی حقیقی صورتحال جاننے کے لیے مظفرآباد سے مسعود الرحمن عباسی کی خصوصی رپورٹ بھی سامنے آئی ہے جس میں محکمہ کی ناقص پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بنایا گیا ہے۔
ہیلتھ ملازمین نے اربابِ اختیار کو الٹی میٹم دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر مطالبات فوری حل نہ ہوئے تو 4 جون کو آزاد کشمیر بھر کے ملازمین مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے سامنے دمادم مست قلندر کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ اس احتجاج کے باعث ریاست بھر کے تمام طبی مراکز بند کر دیے جائیں گے اور صرف ایمرجنسی ڈیل کی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ پر گوشت اور چٹ پٹے پکوانوں کا متوازن استعمال کریں، ماہرینِ صحت کا شہریوں کو اہم مشورہ
شاردا میں ہونے والے احتجاجی کیمپ میں ملازمین کے علاوہ مقامی معززین سردار بہرام، سردار امجد، چوہدری امجد ایوب، بابو شاہزمان، سردار فاروق اور سفیر خان نے شرکت کی۔ اس کے ساتھ ہی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذمہ داران روشن خان اور نذیر لون سمیت دیگر صحافیوں نے بھی شرکت کر کے متاثرہ ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔




