وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما سینیٹر رانا ثناء اللہ نے عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مہنگائی سے شدید متاثرہ عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسا متوازن بجٹ لانے کے لیے کوشاں ہے جس کا بنیادی محور غریب عوام کو آسودگی فراہم کرنا ہوگا۔
فیصل آباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیکیورٹی اور اقتصادی محاذ پر کڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور عام آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ انہوں نے پوری قوم اور عالمِ اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس دن کے طفیل پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ سے قبل آٹے کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، شہریوں کا شدید احتجاج
خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اور ایران کی جنگ کے نتیجے میں پوری دنیا اور خصوصاً ہمارا خطہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ براہِ راست عسکری ٹکراؤ نے عالمی معیشت سمیت پاکستان جیسے ہمسایہ ممالک کی سپلائی چین اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے جس کا اثر ملکی معیشت پر پڑ رہا ہے۔
مشیرِ وزیراعظم نے ملکی قیادت کی حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید علاقائی کشیدگی کے باوجود عسکری و سیاسی قیادت نے انتہائی تدبر سے سفارتی محاذ سنبھالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کو ایک امن کے پاسدار اور ذمہ دار ایٹمی قوت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے سر جاتا ہے جن کی وجہ سے عسکری اور سیاسی قیادت مکمل ایک پیج پر ہے۔
مزید پڑھیں: ہماری سپورٹ کے بغیر کوئی آئینی ترمیم پاس ہوسکتی نہ بجٹ،بلاول
پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے سخت پروگرام کے تحت اپنا نیا سالانہ بجٹ تیار کر رہا ہے جہاں معاشی نظم و ضبط قائم رکھنے کے ساتھ عوام کو ریلیف دینا بھی ناگزیر ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق کڑی شرائط کے باوجود تنخواہ دار طبقے اور غریب ترین خاندانوں کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرامز کے ذریعے ٹارگٹڈ ریلیف فراہم کرنا متوقع ہے۔




