عیدالاضحیٰ پر 33سال بعد خانہ کعبہ پر حیران کن منظر کی پیشگوئی

خانہ کعبہ کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین نے ایک حیران کن واقعے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں برس عیدالاضحیٰ کے دن سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔

ماہرین کے مطابق یہ ایک منفرد فلکیاتی لمحہ ہوگا جو تقریباً 33سال میں صرف ایک بار دیکھنے کو ملتا ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:میرپور انتظامیہ کا بڑا فیصلہ: عید الاضحیٰ کے لیے قصابوں کی اجرت مقرر، نوٹیفکیشن جاری

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اس روز سورج اپنی عمودی پوزیشن میں براہِ راست بیت اللہ کے اوپر ظاہر ہوگا تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس صورتحال کا کسی غیر معمولی ہیٹ ویو یا خطرناک موسمی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے جو مخصوص حسابات اور زمین و سورج کی گردش کے باعث وقوع پذیر ہوتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سورج کے عین خانہ کعبہ کے اوپر آنے کا سب سے اہم فائدہ یہ ہوگا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود مسلمان بغیر کسی جدید آلے یا قطب نما کے قبلہ رخ کا درست تعین کر سکیں گے۔

اس طریقہ کار کے تحت مقررہ وقت پر سورج کی سمت کو دیکھ کر قبلے کا رخ معلوم کیا جا سکے گا ۔

دنیا بھر کے مسلمان مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق سورج کا مشاہدہ کریں گے اور جس سمت میں سورج نظر آئے گا وہی درست قبلہ شمار ہوگا۔

اس موقع کو ماہرین نہ صرف سائنسی اعتبار سے اہم قرار دے رہے ہیں بلکہ اسے روحانی اور مذہبی لحاظ سے بھی غیر معمولی لمحہ تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تپتی دھوپ یا بارش؟آزادکشمیر میں عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا

واضح رہے کہ قبلہ رخ کے تعین کے لیے ماضی میں بھی سورج اور ستاروں کی مدد لی جاتی رہی ہے تاہم جدید دور میں ڈیجیٹل آلات اور موبائل ایپلی کیشنز نے یہ عمل آسان بنا دیا ہے۔

اس کے باوجود سورج کا عین خانہ کعبہ کے اوپر آنا ایک ایسا فلکیاتی واقعہ سمجھا جاتا ہے جسے ماہرین اور مسلمان خصوصی دلچسپی سے دیکھتے ہیں، کیونکہ یہ قدرتی انداز میں قبلے کے درست رخ کی نشاندہی کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔