بھارت کی آبی جارحیت، سلالہ ڈیم کھول دیا، دریائے چناب میں سیلاب کاخدشہ، الرٹ جاری

بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت، سلالہ ڈیم سے پانی چھوڑ دیا، دریائے چناب میں طغیانی کا خدشہ، الرٹ جاری کردیا ۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے چناب کی سطح میں اچانک 2 سے 3 میٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے خاص طور پر مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو سے فیصل راٹھور کی اہم ملاقات، الیکشن، ترقیاتی منصوبوں پربریفنگ

الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پانی کے اچانک اخراج اور بھاری تلچھٹ کے باعث دریائی بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلیاں آسکتی ہیں، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یہ الرٹ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ دریائی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے، نہری اخراج کو منظم رکھا جائے اور بیراجز کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کی آبنائے ہرمز سے گزرنےوالی فائبرآپٹک کیبلز اجازت سے مشروط کرنے کی دھمکی

زرائع کے مطابق دریائے چناب پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ دریاؤں میں سے ایک ہے، اور ماضی میں مون سون کے دوران بھارت کی جانب سے اضافی پانی کے اخراج سے پاکستان کے مشرقی پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملہ تعینات رکھا جائے تاکہ بروقت رابطہ، امدادی کارروائیوں اور انخلا کے منصوبوں پر فوری عمل کیا جا سکے۔

مزید کہا گیا ہے کہ حساس مقامات پر ہیوی مشینری کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بندش یا شگاف کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے اور متاثرہ سڑکوں کی بحالی ممکن ہو۔