مظفرآباد میں لوئر چھتر آلڑہ پل کے مقام سے ایک شہری نے دریا میں چھلانگ لگا دی ہے، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی جانب سے لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 مظفرآباد کے کنٹرول روم کو ایک ہنگامی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ایک شخص نے لوئر چھتر آلڑہ پل سے نیچے چھلانگ لگا دی ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کا عملہ اور واٹر ریسکیو اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) بارہ دری یونٹ کے اہلکار تمام ضروری آلات کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم، سرگن میں افسوسناک واقعہ،16سالہ لڑکی نالے میں بہہ گئی
امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر ابتدائی کارروائی کا آغاز کیا اور پانی میں ڈوبنے والے شخص کی تلاش شروع کر دی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز بہاؤ اور دیگر مشکلات کے باعث اب تک ڈوبنے والے شخص کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے اور نہ ہی لاش برآمد ہو سکی ہے، تاہم جائے وقوعہ پر سرچ آپریشن تاحال سرگرمی سے جاری ہے۔
حکام کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات میں دریا میں چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ڈوبنے والے 48 سالہ شخص کا نام محمد کبیر اعوان ہے، جو محمد یاسین اعوان کا بیٹا ہے۔ وہ اصل میں باڑیاں نیلم ویلی کے رہائشی ہیں اور فی الحال مظفرآباد کے علاقے لوئر چھتر میں قدیمی مسجد کے قریب مقیم تھے۔




