پاکستان

عالمی مارکیٹ میں سونا مستحکم، خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد گراوٹ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں منگل کے روز مستحکم رہیں جبکہ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی اور خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد کی نمایاں گراوٹ کے بعد مارکیٹ میں پھیلی غیر یقینی صورتحال میں کمی دیکھی گئی ہے۔

یہ اہم معاشی تبدیلی اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مجوزہ حملہ عارضی طور پر روکنے کا باقاعدہ اعلان کیا، جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں طویل جنگ اور عالمی مہنگائی کے خدشات کافی حد تک کم ہو گئے ہیں۔

عالمی منڈی میں اسپاٹ گولڈ (Spot Gold) کی قیمت 4,565.40 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی، واضح رہے کہ گزشتہ سیشن کے دوران سونا 30 مارچ کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ دوسری جانب جون کے سودوں کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,567.90 ڈالر تک پہنچ گئے۔ عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث دیگر کرنسیاں رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے سونا خریدنا نسبتاً سستا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونا اور چاندی ایک بار پھر مہنگے، نئی قیمتیں جاری

خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی اس بڑی کمی نے بھی گولڈ مارکیٹ پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، کیونکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست عالمی مہنگائی کو بڑھا سکتا ہے۔ سونا عمومی طور پر عالمی معیشت میں مہنگائی کے خلاف ایک محفوظ سرمایہ (Safe Haven) سمجھا جاتا ہے، تاہم بینکوں کی جانب سے بلند شرح سود اس کی طلب کو محدود رکھنے کا باعث بنتی ہے۔

امریکی فیڈرل ریزرو کی قیادت اور گھانا کی نئی پالیسی:

عالمی معاشی مارکیٹ کی توجہ اس وقت امریکی مرکزی بینک ‘فیڈرل ریزرو’ کی ممکنہ پالیسی تبدیلیوں پر مرکوز ہے۔ معاشی حلقوں میں یہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ کیون وارش جمعہ کے روز امریکی مرکزی بینک کی قیادت سنبھالیں گے، جبکہ دوسری طرف افراطِ زر (مہنگائی) کے مسلسل دباؤ کے باعث شرح سود میں فوری کمی کے امکانات فی الحال محدود دکھائی دے رہے ہیں۔

اسی دوران افریقی ملک گھانا سے ایک اہم معاشی خبر سامنے آئی ہے جہاں حکومت نے بڑے پیمانے پر سونا نکالنے والی تمام مائننگ کمپنیوں کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنی سالانہ پیداوار کا 30 فیصد لازمی طور پر ملک کے مرکزی بینک کو فروخت کریں، جو کہ پہلے 20 فیصد مقرر تھی۔ گھانا حکومت نے یہ اقدام اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔

مزید پڑھیں: سونے کی قیمتیں جاری، آج ملک میں فی تولہ سونا کتنے کا ہو گیا؟

دیگر قیمتی دھاتوں کی صورتحال:

سونے کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں دیگر قیمتی دھاتوں کے نرخوں میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ اسپاٹ سلور (چاندی) کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 77.58 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جبکہ پلاٹینم کی قیمت 0.2 فیصد گراوٹ کے بعد 1,976.15 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی پیلیڈیم کی قیمت بھی 0.6 فیصد کمی کے ساتھ 1,409.75 ڈالر فی اونس کی سطح پر ٹریڈ ہوئی۔