آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں احتساب بیورو نے کرپشن کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دو الگ الگ کارروائیوں میں محکمہ تعلیم کے اشتہاری ملزم اور لوکل گورنمنٹ کے اعلیٰ افسر کو گرفتار کر لیا ہے۔ انسپکٹر راجہ عدیل افسر کی سربراہی میں انوسٹی گیشن ٹیم نے ان مقدمات پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
پہلی اہم کارروائی محکمہ تعلیم کے “مشہور زمانہ” کرپشن ریفرنس میں عمل میں لائی گئی۔ اس کیس کے مرکزی کرداروں میں ملک عابد (اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تعلیم) اور دیگر شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں مطلوب ملزم خواجہ جاوید، جو پیشے کے لحاظ سے سرکاری ٹیچر تھا، بیلجیم فرار ہو گیا تھا اور کافی عرصے سے اشتہاری چلا آ رہا تھا۔ احتساب بیورو کی ٹیم نے عدالتی حکم پر ملزم کو گرفتار کر کے تھوری سیف ہاؤس منتقل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس کیس میں جعلسازی اور فراڈ کے مزید ہوشربا انکشافات متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٓآئندہ الیکشن میں موقع ملا تو ریاست کے ہر فرد کو خوشحال کرینگے، وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور
دوسری بڑی کارروائی میں احتساب بیورو نے کروڑوں روپے کے کرپشن کیس میں مطلوب ایکسین لوکل گورنمنٹ، خواجہ غلام محمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ راجہ عدیل افسر اور ان کی ٹیم نے اس اہم گرفتاری کے ذریعے یہ واضح کر دیا ہے کہ بڑے پیمانے پر سرکاری فنڈز میں خرد برد کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تیار ہے۔
احتساب بیورو کے حکام نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ زیرِ تفتیش مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بیورو کا کہنا ہے کہ کرپٹ عناصر اور جعلسازوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ دیگر ملوث افراد کو بھی جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔




