مظفرآباد،سرلی سچہ سموٹھ میں کلائوڈ برسٹ سے بڑے پیمانے پر نقصان

مظفرآباد (شبیر اعوان سے ) ضلع مظفرآباد کے حلقہ نمبر ایک  پٹہکہ کوٹلہ مظفرآباد کے یونین کونسل سرلی سچہ  کے گاؤں سموٹھ میں کلاؤڈ برسٹ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک سکول کی دیوار اورتقریبا 3 کلو میٹررابطہ سڑک تباہ ہو گئی ہے جبکہ 3 سے 4 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، شہریوں کی زمینیں تباہ ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کلاؤڈ برسٹ یا بادل پھٹنا کسے کہتے ہیں؟وجوہات کیا ہوتی ہیں؟

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سموٹھ نالےمیں شدید طغیانی آئی ہے اور جس سے علاقے کا زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے،تین ہزار آبادی پر مشتمل گاؤں سموٹھ اس وقت دنیا سے کٹ چکا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر ہمدرد گروپ پٹہکہ کی ریسکیو ٹیم، ریسکیو 1122 اور پولیس پٹہکہ کی ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ موقع پر موجود ہیں اور علاقے کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

مقامی افراد نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ مقام پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بارش ، کلائوڈبرسٹ متاثرین کیلئے32کروڑ جاری،فوری معاوضے دیئے جائیں، وزیراعظم آزادکشمیر

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمی صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں گزشتہ کچھ سالوں سے آزادکشمیر کےکئی علاقوں میں کلائوڈ برسٹ آچکے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور نالوں کے قریب آبادی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

Scroll to Top