حمایت

خواجہ خاقان وحید کا مسلم کانفرنس کی مکمل حمایت کا اعلان

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان عوامی قوت کے چیئرمین خواجہ خاقان وحید کی جانب سے راولپنڈی میں ایک اہم سیاسی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مسلم کانفرنس اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا ۔

تقریب کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی روابط کو مضبوط بنانا اور مختلف جماعتوں کے درمیان انتخابی تعاون کے امکانات پر غور کرنا تھا۔

اس موقع پر خواجہ خاقان وحید نے اپنی جماعت کی جانب سے مسلم کانفرنس کے ساتھ مکمل انتخابی اتحاد اور بھرپور حمایت کا باضابطہ اعلان کیا ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کی ایک تاریخی اور نمائندہ سیاسی جماعت ہے جس نے خطے کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن ،سردار عتیق خان کا تمام حلقوں میں اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کی حمایت کا فیصلہ باہمی مشاورت اور سیاسی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے تاکہ خطے میں ایک مضبوط اور متوازن سیاسی نظام تشکیل دیا جا سکے۔

سردار عتیق احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ خاقان وحید اور ان کی جماعت کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ سیاسی اتحاد اور باہمی تعاون ہی خطے کے مسائل کے حل کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعاون آئندہ انتخابات میں مثبت نتائج کا باعث بنے گا اور عوامی خدمت کے نئے راستے کھلیں گے۔

تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور دونوں جماعتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فاروق حیدر کو جھٹکا، سردار عتیق خان نے 13ویں آئینی ترمیم چیلنج کردی

آخر میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ سیاسی حکمت عملی کو مزید مربوط بنایا جائے گا تاکہ انتخابی عمل میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔

Scroll to Top