شمولیت

وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی ن لیگ میں شمولیت کی اطلاعات ،سیاسی حلقوں میں ہلچل

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی کی بازگشت سنائی دے رہی ہے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو ممکنہ سیاسی دھچکے کا سامنا ہو سکتا ہے ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی کابینہ کے اہم رکن اور وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی  پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی اطلاعات نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے ۔

ذرائع کے مطابق دیوان علی خان چغتائی نے حالیہ دنوں اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ، امیر مقام، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، سینئر رہنما طارق فاروق اور نجیب نقی شریک تھے ۔

بتایا جا رہا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور دیوان چغتائی کی ممکنہ شمولیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مثبت اشارے ملنے کے بعد دیوان علی خان چغتائی نے وزارت سے استعفیٰ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دیوان علی خان چغتائی اپنے کیےگئے وعدوں پر عملدرآمد کرائیں، عوام علاقہ

تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان ابھی سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب اس پیش رفت نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اندر بھی اختلافات کو جنم دے دیا ہے ۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے پارٹی قیادت سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے ضلع میں اتنی بڑی سیاسی پیش رفت مشاورت کے بغیر نہیں ہونی چاہیے تھی ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ن لیگ کی مرکزی اور آزاد کشمیر قیادت نے راجہ فاروق حیدر کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم تاحال معاملات مکمل طور پر طے نہیں پا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دیوان علی خان چغتائی پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کو پیارے ہو گئے

پارٹی رہنما شاہ غلام قادر اور طارق فاروق اندرونی اختلافات ختم کرانے کیلئے مسلسل رابطوں میں ہیں ۔

Scroll to Top