ملزم کی سہولت کاری مہنگی پڑی، ایس ایس پی مظفرآباد نے کانسٹیبل کو برطرف کردیا

مظفرآباد میں قتل کے ملزم راجہ نعمان کی ہتھکڑی کھلوا کر ویڈیوز بنوانے والے پولیس کانسٹیبل عبدالقدیر کو ایس ایس پی مظفرآباد ریاض مغل نے نوکری سے برطرف کر دیا۔

پریس ریلیز کے مطابق تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ میں قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم کی غیر قانونی طور پر ہتھکڑی کھولنے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے معاملے پر پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ذمہ دار کانسٹیبل کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان پولیس کو اغواء وقتل کے مقدمہ میں مطلوب 2ملزمان چناری سے گرفتار

،گزشتہ دنوں تھانہ سول سیکرٹریٹ میں قتل کے مقدمہ (302-PC) میں نامزد ملزم راجہ نعمان کو عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ اسی دوران ایک اور ملزم راجہ صائم خان(جو تھانہ پولیس صدر کے ایک مقدمے میں ضمانت پر رہا ہے) نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار سے غیر قانونی طور پر ہتھکڑی کی چابی حاصل کی۔

صائم خان نے نہ صرف ملزم راجہ نعمان کی ہتھکڑی کھولی بلکہ اس پورے عمل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس سے پولیس کی سبکی ہوئی،واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انکوائری کا آغاز کیا گیا۔

انکوائری کے دوران کانسٹیبل نمبر 504 عبدالقدیر (ضلع پولیس مظفرآباد) پر فرائض منصبی میں غفلت، لاپرواہی اور نارفض شناسی کے الزامات ثابت ہوئےجس کے نتیجے میں مورخہ 07 مئی 2026 کو مذکورہ کانسٹیبل کو ملازمت سے برخاست (Dismiss from service)** کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی مظفرآباد محمد ریاض مغل نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پولیس فورس کے اندر احتساب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر پولیس :بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ،ایس ایس پی ریاض حیدر سمیت متعدد افسران تبدیل

مظفرآباد کا امن خراب کرنے یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور جرائم پیشہ و شر پسند عناصر کی سرکوبی کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

Scroll to Top