بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس ،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل’’قائدین امن‘‘ قرار

پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کے اعلامیے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو “قائدینِ امن” قرار دیا گیا ہے۔

کانفرنس میں معرکۂ حق کی کامیابی پر مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور حکومت و افواجِ پاکستان کی مکمل تائید کا اعلان بھی کیا گیا۔ شرکا نے اس موقع پر ملکی سلامتی کے لیے پاک افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق میں دشمن نے فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، ہر مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا،پاک افواج

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ یہ کانفرنس معرکۂ حق میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکرانے کے طور پر منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام ملک کی سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اعلامیے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو “قائدینِ امن” قرار دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔ کانفرنس میں مولانا ادریس کے قتل کی بھی مذمت کی گئی اور اسے افسوسناک واقعہ قرار دیا گیا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے مزید بتایا کہ آئندہ برس ہونے والی ساتویں پیغامِ اسلام کانفرنس میں امامِ کعبہ کی خصوصی شرکت متوقع ہے جس سے اس کانفرنس کی عالمی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق میں ثابت ہوگیا پاکستان اپنی خودمختاری ،علاقی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جاسکتا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر

کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے مشترکہ کردار ادا کیا جائے گا۔

Scroll to Top