حکومت کی جانب سے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر شہریوں کو 4 سے 5 تعطیلات فراہم کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی کمیٹی کا اہم اجلاس 17 مئی کی شام کو طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا جس کے فوراً بعد وزارتِ داخلہ کی جانب سے سرکاری چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری ہونے کی توقع ہے۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق اگر 17 مئی کو چاند نظر آ جاتا ہے تو عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ ایسی صورت میں حکومت کی جانب سے بدھ، جمعرات اور جمعہ (27 تا 29 مئی) کی تین سرکاری چھٹیاں دی جا سکتی ہیں جو ہفتہ اور اتوار کی باقاعدہ تعطیلات کے ساتھ مل کر مجموعی طور پر 5 دن کا طویل وقفہ بن جائیں گی۔ دوسری ممکنہ صورت میں اگر ذی القعدہ کا مہینہ 30 دن کا پورا ہوتا ہے تو عید 28 مئی بروز جمعرات کو ہوگی۔ اس صورتحال میں جمعرات اور جمعہ کی دو سرکاری چھٹیوں کے ساتھ ہفتہ وار تعطیلات شامل ہو کر شہریوں کو 4 روز کی چھٹیاں میسر آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان، ماہرین فلکیات نےپیش گوئی کر دی
عیدالاضحیٰ مسلمانوں کے لیے ایک عظیم مذہبی اہمیت کا حامل تہوار ہے جو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں ہر سال انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار نہ صرف ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے بلکہ اس کا گہرا تعلق فریضہ حج کی تکمیل سے بھی ہے۔




