پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان، ماہرین فلکیات نےپیش گوئی کر دی

اسلام آباد: ماہرین فلکیات اور رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 بروز بدھ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

سائنسی اعداد و شمار کی روشنی میں بتایا گیا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق 1 بج کر 15 منٹ پر ہوگی۔ 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت اکثر علاقوں میں چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہو جائے گی، جو انسانی آنکھ سے رویت کے لیے کافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اس سال عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟ ماہرین فلکیات نے بڑی پیشگوئی کر دی

ماہرین کے مطابق اگر 17 مئی کو مطلع صاف رہا تو چاند باآسانی دیکھا جا سکے گا، جس کے نتیجے میں یکم ذی الحج 18 مئی اور عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی۔ تاہم، اگر کسی وجہ سے 17 مئی کو چاند نظر نہیں آتا تو ماہِ ذوالقعد 30 دن کا ہوگا اور ایسی صورت میں عید الاضحیٰ 28 مئی کو منائی جائے گی۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ سائنسی شواہد 27 مئی بروز بدھ کو عید ہونے کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کی جانب سے کی جانے والی یہ پیش گوئی سائنسی تخمینوں پر مبنی ہے، جبکہ ملک میں چاند کی رویت کا حتمی اور باضابطہ فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔

مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ پر جھولوں پر پابندی؟ شہریوں کے تحفظ کے لیے بڑا فیصلہ

Scroll to Top