مظفرآباد: علاج کے بعد صحت یاب ہونے والا تیندوا دوبارہ قدرتی ماحول میں رہا

مظفرآباد: محکمہ جنگلی حیات آزاد کشمیر نے گزشتہ ماہ مظفرآباد سے زخمی حالت میں ریسکیو کیے جانے والے “کامن لیپڈ” (تیندوا) کو مکمل صحت یابی کے بعد دوبارہ اس کے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا ہے۔

سیکرٹری حکومت برائے جنگل و جنگلی حیات چوہدری فرید کے مطابق یہ تیندوا “وائلڈ لائف ہیومن کنفلکٹ” (انسانی و جنگلی حیات کے تنازع) کا شکار ہو کر زخمی ہوا تھا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اسلام آباد اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد، وائلڈ لائف کی فوری کارروائی، بیمار تیندوا ریسکیو کر لیا

تفصیلات کے مطابق پانچ اپریل کو اس نوجوان تیندوے کو تحصیل نصیرآباد میں آبادی کے قریب سے زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد علاج کی غرض سے اسلام آباد منتقل کر دیا تھا۔ وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اسلام آباد کی معالج ڈاکٹر ثنا نے بتایا کہ جب تیندوا وہاں لایا گیا تو اس کے سر اور گردن پر گہرے زخم تھے اور وہ ایک ہفتے تک کوما کی حالت میں رہا۔

ایک ماہ تک مسلسل زیرِ علاج رہنے اور مکمل صحت یابی کے بعد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ٹیم اور محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ حکام نے اسے آبادیوں سے دور گھنے جنگلات میں اس کے آبائی مسکن میں چھوڑ دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر وائلڈ لائف عبدالشکور کٹاریا نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں ہی زخمی یا بیمار جنگلی جانوروں کے علاج کی سہولت موجود ہو تو بہت سی قیمتی جانوں کو بروقت بچایا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر : پہاڑی سے گر کر زخمی نایاب تیندوا جانبر نہ ہو سکا

Scroll to Top