عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں منگل کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے مارکیٹ کا رخ یکسر تبدیل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 89 ڈالر کی بڑی کمی کے بعد 4 ہزار 627 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ کے ان اثرات کی وجہ سے مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونے کی قیمت 8900 روپے کی نمایاں کمی کے بعد 4 لاکھ 85 ہزار 62 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخ بھی 7630 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 15 ہزار 862 روپے پر پہنچ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونا 800 روپے مہنگا ہوا تھا، لیکن آج کی بڑی کمی نے گزشتہ تمام اضافے کو ختم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار: فی تولہ سونا مزید مہنگا
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی مندی کا رجحان رہا اور فی تولہ چاندی 238 روپے کمی کے بعد 7811 روپے پر آ گئی ہے۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی مضبوطی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے سونا فروخت کرنے کے رجحان کے باعث قیمتوں میں یہ واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ صرافہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی معاشی صورتحال کے پیشِ نظر آنے والے دنوں میں بھی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔




