مظفرآباد میں نیشنل پروگرام کے 541 ملازمین مستقل، محکمہ صحت نے آرڈرز جاری کر دیے

مظفرآباد: ضلع مظفرآباد میں نیشنل پروگرام کے 541 ملازمین کو مستقل کر دیا گیا ہے، جس کے باقاعدہ آرڈرز محکمہ صحت کی جانب سے جاری کر دیے گئے ہیں۔ مستقل ہونے والے ملازمین میں 23 لیڈی ہیلتھ سپروائزرز (LHSs)، 480 لیڈی ہیلتھ ورکرز (LHWs) اور 14 ڈرائیورز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 24 ریٹائرڈ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ایک ریٹائرڈ ڈرائیور کو بھی اس عمل کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق تمام ملازمین کو محکمانہ پالیسی اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مستقل کیا گیا ہے۔ وہ 6 لیڈی ہیلتھ سپروائزرز جن کے کیسز سلیکشن کمیٹی اور لیگل ٹیم کی رہنمائی کے لیے زیرِ التواء تھے، ان کا قانونی پراسیس بھی 24 اپریل 2026 کو مکمل کر کے انہیں باقاعدہ طور پر مستقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعمان منظور بٹ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت شفافیت، ٹیم ورک اور انتظامی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چارٹر آف ڈیمانڈ :ہیلتھ ایمپلائز کی وزیراعظم ،چیف سیکرٹری کو 30 اپریل تک مہلت

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ادارہ جاتی کارکردگی بہتر ہوگی اور محکمہ صحت کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔ محکمہ صحت نے اس عمل کو ایک نمایاں سنگ میل قرار دیا ہے اور مستقبل میں بھی اصلاحاتی عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس فیصلے سے ہیلتھ ورکرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ ان کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حویلی ہیلتھ ملازمین سراپا احتجاج،الٹی میٹم، مریضوں کو مشکلات کا سامنا