نیلم : وادی نیلم کے علاقے سرگن لیساں میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دو خواتین گھر واپس جاتے ہوئے اچانک نالے میں گر گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس نے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو خواتین اپنے گھر کی جانب گامزن تھیں کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور گہرے نالے میں جا گریں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک خاتون کی نعش تلاش کر لی گئی ہے، تاہم دوسری خاتون کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے خلاف بلدیاتی نمائندگان کی رٹ خارج
ڈی ایس پی شاردا سردار فیاض سرور، ایس ایچ او ممتاز حسین اور ایڈیشنل ایس ایچ او میر زمان گل نفری کے ہمراہ بھاری نفری کے ساتھ موقع پر موجود ہیں اور خود ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی ایس پی شاردا سب ڈویژن نے متاثرہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہیں اور لاپتہ خاتون کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے دریا اور نالہ کے قریب رہنے والے افراد سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی نعش نظر آئے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ مقامی افراد اور پولیس رضا کار مسلسل نالے اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔




