ٹوکیو: جاپان میں 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد حکام نے سونامی وارننگ جاری کر دی ہے۔ جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے فوراً بعد ساحلی علاقوں میں ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں جبکہ جاپان میٹورولوجیکل ایجنسی کے مطابق زلزلہ سمندر کے اندر آیا ہے جس کے باعث سونامی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی جان بچانے کے لیے فوری طور پر محفوظ اور اونچی جگہوں پر منتقل ہو جائیں۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس زلزلے کا مرکز بحرالکاہل میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کی شدت جاپان کے اپنے پیمانے پر “بالائی 5” تک پہنچی ہے، جسے بہت طاقتور جھٹکا مانا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ریڈ زون: وفاقی سرکاری ملازمین کو 20 اپریل کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت
زلزلے کے دوران جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگوں کے لیے کھڑے رہنا اور چلنا پھرنا مشکل ہو گیا، جبکہ کئی جگہوں پر کمزور دیواریں گرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں کافی ڈر اور خوف دیکھا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بہت سے علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں، لیکن ابھی تک جانی یا بڑے مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور سرکاری افسران صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد مزید جھٹکے (آفٹر شاکس) بھی آ سکتے ہیں، اس لیے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف سرکاری خبروں پر بھروسہ کریں۔




