حویلی (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ کے علاقے میں ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے کے خلاف باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔
یہ اقدامات عوامی شکایات کے بعد کیے گئے، جن میں مسافروں نے نشاندہی کی تھی کہ مختلف روٹس پر سرکاری کرایہ نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان سے اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے ۔
ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر اشفاق احمد کی نگرانی میں مختلف ٹرانسپورٹ روٹس پر کریک ڈاؤن کیا گیا ۔ چیکنگ کے دوران متعدد گاڑیوں کو روکا گیا اور کرایہ نامے کی جانچ پڑتال کی گئی ۔
اس عمل کے دوران کئی ڈرائیورز کو موقع پر ہی زائد کرایہ لیتے ہوئے پایا گیا، جس پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کیے گئے اورانہیں جرمانے بھی عائد کیے گئے تاکہ آئندہ وہ اس قسم کی سرگرمیوں سے باز رہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ: زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کا بڑا کریک ڈاؤن
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کے حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی لاپرواہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔
حکام نے ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری طور پر مقرر کردہ کرایہ نامے پر مکمل عملدرآمد کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی ۔
انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر اور وسیع بنایا جائیگا تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولا کوٹ ،زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے
اس اقدام کا مقصد نہ صرف زائد کرایہ وصولی کو روکنا ہے بلکہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانا بھی ہے ۔




