اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ حکام کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، 17 اور 18 اپریل کے دوران پنجاب اور شمالی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مغربی علاقوں اور بلوچستان کے شمالی حصوں میں بھی بادل برسنے اور ژالہ باری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے موسم مزید تبدیل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 16 سے 19 اپریل تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ حکام نے عوام کو سخت تاکید کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران پہاڑی علاقوں اور دیگر متاثرہ مقامات پر غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔




